
نیوز ڈیسک : جمعیت علماء اسلام کے سربراہ اور نامور عالمی و قومی رہنما مولانا فضل الرحمان منگل کے روز 23 دسمبر کو لاڑکانہ پہنچیں گے۔ وہ گلشنِ شہید جامع اسلامیہ اشاعتُ القرآن والحدیث، دودائی روڈ لاڑکانہ میں استاد العلماء مولانا مرحوم علی محمد حقانی اور شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقد عظیم الشان دستارِ فضیلت کانفرنس اور صحیح بخاری شریف کی اختتامی تقریب سے خطاب کریں گے۔ یہ بات جمعیت علماء اسلام لاڑکانہ کے قائد اور مدرسے کے مہتمم علامہ ناصر محمود سومرو نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کانفرنس کے دوران عالمی، ملکی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ علامہ ناصر محمود سومرو نے کہا ہے کہ اس اہم کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، جے یو آئی سندھ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو، درگاہ قادریہ بیر شریف کے مولانا عبدالمجیب قریشی، درگاہ امروٹ شریف کے سجادہ نشین سید سراج احمد شاہ امروٹی، سابق وفاقی وزیر مفتی اسد محمود سمیت ملک کے نامور علماء، مشائخ، پارلیمنٹرینز، جے یو آئی کے مرکزی و صوبائی عہدیداران، مشہور قراء اور نعت خوان شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب کے دوران 34 حفاظ، 32 علماء، 41 تجوید و قرأت کے طلبہ، 18 عالمات اور 7 مفتیان و حافظات کی دستار بندی کی جائے گی۔ یہ پریس ریلیز جمعیت علماء اسلام سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے میڈیا کو جاری کی گئی۔

















