
جنوری 03 2026: (وہب ڈیسک) پاکستان فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دیا ہے، جو قومی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں پیش رفت کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک کی رینج کے ساتھ انتہائی درستگی سے دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور روایتی وارہیڈ سے لیس ہے۔ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے آراستہ تیمور نہایت کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے باعث یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں سے مؤثر طور پر بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت پاکستان فضائیہ کی روایتی دفاعی بازدار صلاحیت اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جو ملک کے مجموعی دفاعی ڈھانچے کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی جانب سے حاصل کی گئی تکنیکی پختگی، جدت اور خودانحصاری کو اجاگر کرتا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنس دانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف، پاکستان فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس شاندار کامیابی پر سائنس دانوں، انجینئرز اور پوری پاکستان فضائیہ کی ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ ایئر چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی ماحول میں تکنیکی خودکفالت کے حصول اور ایک قابلِ اعتماد روایتی دفاعی بازدار صلاحیت برقرار رکھنے کے قومی عزم کی مظہر ہیں۔ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب ٹیسٹ پاکستان فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کے مسلسل سفر کی عکاسی کرتا ہے۔

















