ویب ڈیسک
ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس آزاد خان نے سانحہ گل پلازہ کی ابتدائی تحقیقات میں تخریب کاری کے امکانات کو مسترد کر دیا۔

کراچی پولیس چیف آزاد خان نے گل پلازہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعے میں کسی قسم کی تخریب کاری کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
پولیس چیف کے بیان کے بعد گل پلازہ میں آگ لگائے جانے سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں دم توڑ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات 10 بج کر 20 منٹ پر لگی۔ جو گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر تیسری منزل تک پھیل گئی۔ شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کے کئی حصے منہدم ہو گئے۔ جبکہ متعدد افراد دھویں کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔
آزاد خان نے کہا کہ واقعے کے دوران کئی افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔ فائر بریگیڈ نے 33 گھنٹوں کی طویل اور مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ ملبے سے مزید لاشوں اور زخمیوں کی تلاش کا کام بھی بدستور جاری ہے۔

















