
قومی ائیر لائن کی خریداری کے لیے تین پری کوالیفائیڈ بڈرز نے اپنی بولیاں جمع کرا دی ہیں، جنہیں سہ پہر ساڑھے تین بجے کھولا جائے گا۔ بولیوں کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔
ریفرنس قیمت کی منظوری کے لیے معاملہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جہاں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
مشیر برائے نجکاری محمد علی نے بڈنگ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ائیر لائن کی فروخت کے لیے ابتدائی مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ اب معاملہ پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کے پاس جائے گا، جو قومی ائیر لائن کی ریزرو پرائس کا جائزہ لے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریزرو پرائس کسی کو معلوم نہیں اور اسے مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ بورڈ کی منظوری کے بعد ریزرو پرائس کابینہ کمیٹی کے سامنے رکھی جائے گی، جو اس کی حتمی منظوری دے گی۔
مشیر نجکاری کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا اور اہم مرحلہ ہے کیونکہ گزشتہ 20 برسوں میں ملک میں کوئی بڑی نجکاری نہیں ہوئی۔

















